حکومت مخالف تحریک۔۔پی ڈی ایم آج کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

کراچی (قدرت روزنامہ) حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج شہر قائد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گا . پی ڈی ایم آج کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرے گی جس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں،جلسہ گاہ میں سیاسی قائدین کے لئے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ شرکاء کے لئے ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئیں .

پی ڈی ایم کا جلسہ شام 4 بجے شروع ہو گا جس سے مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے . جلسے کی سکیورٹی کا انتظام جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رضاکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے جس کے لیے 10 ہزار رضا کار تیار ہیں جو جلسہ گاہ کے اندرونی اور داخلی راستوں پر مامور کیئے جا رہے ہیں . جلسہ گاہ میں بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جہاں کم از کم 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، پنڈال اور اسٹیج کو مختلف سیاسی پارٹی کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے . پارٹی قیادت کیلئے اسٹیج کے عقب میں وی وی آئی پی راستہ تیار کیا گیا ہے، قائدین کو گاڑی میں اسٹیج تک آنے کی سہولت دی گئی ہے . جلسے کی کوریج کے لئے میڈیا کے لیے بھی الگ اسٹیج تیار کئے گئے ہیں، میڈیا نمائندے اور ان کی گاڑیاں بھی مخصوص راستے سے جلسہ گاہ میں داخل ہو سکیں گی . جلسے کے شرکاء اور پارٹیوں کے کارکنان نمائش چورنگی کی جانب سے پنڈال میں داخل ہوں گے . جلسہ گاہ میں وضو خانے اور عارضی واش روم بھی بنائے گئے ہیں، جبکہ کھانے پینے کیلئے عارضی کینٹین بھی بنائی گئی ہیں . دوسری جانب پی ڈی ایم کے جلسے کے لئے پولیس کا سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا،کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے 25 سینئر افسروں، 65 ڈی ایس پیز اور 3 ہزار 748 اہلکار تعینات ہوں گے . جلسے میں ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی . ایس ایس یو کے افسروں سمیت 440 کمانڈوز جلسے کی سکیورٹی کے لئے موجود ہوں گے . کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے عوام سے جلسے کے حوالے سے کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے . علاوہ ازیں ٹریفک پولیس پہلے ہی متبادل راستوں کے لئے روٹ پلان جاری کر چکی ہے . جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک پولیس کے 325 اہلکار تعینات رہیں گے، یہ اہلکار جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی بحال رکھیں گے . یہ بھی پڑھیں: کورونا کے وار جاری . . مزید 69 افراد جاں بحق . .

متعلقہ خبریں