ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ ان کی مشہور فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا ریمیک کبھی نہیں بنایا جاسکتا . کاجول نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ جیسی فلمیں صرف ایک بار بن سکتی ہیں .
اگر فلمساز ان فلموں کا ریمیک بنانے کی کوشش کریں گے تو شائقین کو پسند آنا بہت مشکل ہے .
اُنہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جیسی فلموں کو دوبارہ نہیں بنایا جانا چاہیئےاور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے بارے میں بھی میرا یہی خیال ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ایسی کہانیاں لوگ صرف ایک ہی بار اسکرین پر دیکھنا پسند کرتے ہیں، دوبارہ بنائی جائیں گی تو لوگوں کو پسند نہیں آئیں گی .
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اسے دوبارہ بنائیں گے تو جیسے اُنہیں شائقین نے پہلے پسند کیا وہ نتائج نہیں ملیں گے، 1995ء والی اصل فلم سے ریمیک کا موازنہ ناگزیر ہو گا، ناظرین کو مایوس ہوگی . کاجول نے کہا کہ آپ ان فلموں کے ریمیک کو چاہے جتنا بھی اچھا بنانے کی کوشش کیوں نہ کرلیں مگر پھر بھی مایوسی ہی ہوگی کیونکہ ریمیک دیکھ کر ناظرین کو وہ احساس کبھی نہیں ہوگا جو کہ اصل فلم دیکھ کر ہوا تھا .
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ انہیں پہلی بار دیکھتے ہیں تو آپ کو جو کچھ محسوس ہوتا ہے وہ اسے دوبارہ دیکھ کر نہیں ہوسکتا .
واضح رہے کہ پچھلے سال بھارتی میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا ریمیک بنایا جارہا ہے، جس میں اداکار وجے دیوراکونڈا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے .