سدھارتھ شُکلا کی موت سے شہناز گِل سَکتے میں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دل کا دورہ پڑنے سے اچانک دنیا چھوڑ دینے والے بھارتی اداکار کی قریبی ساتھی شہناز گِل سکتے میں آگئیں۔خیال رہے کہ بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 سے سرخیوں میں آنے والی پنجابی سنگر اور اداکارہ شہناز گِل سے متعلق یہ خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرچکی ہیں کہ اُنہوں نے اپنے ساتھی کنٹسٹنٹ اور قریبی دوست سدھارتھ شکلا سے شادی کرلی ہے۔
اب اچانک موت کی خبر نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہناز گِل کے والد کا بتانا ہے کہ شہناز کا بُرا حال ہے وہ اپنے حواس کھو بیٹھی ہے۔
شہناز گِل کے والد نے کہا کہ میں مسلسل فون پر اس سے رابطے میں ہوں، لیکن سب کا ہی بُرا حال ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ شہناز کے بھائی شہباز بہن سے ملنے روانہ ہوگئے ہیں ، وہ جلد شہناز کے ساتھ ہوں گے۔
یاد رہے کہ رواں برس بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چُھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔
تاہم دونوں بھارتی اداکاروں کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔سدھارتھ شکلا نے بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ شہناز گِل فائنل سے پہلے ہی بگ باس کے گھر سے نکل گئی تھیں۔
شہناز گل کئی ہٹ میوزک ویڈیوز میں نظر آچکی ہیں۔ ان گانوں میں شہناز گل، سدھارتھ شکلا کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ ان کی کیمسٹری سدھارتھ کے ساتھ بے حد پسند کی جاتی ہے۔
سدھارتھ شکلا اور شہناز گل ساتھ میں دو میوزک ویڈیو میں نظر آچکے ہیں۔ ایک درشن راول کا ’بھلا دوں گا‘ اور دوسرا ٹونی ککڑ کا ’شونا شون‘ دونوں ہی گانے ہٹ رہے ہیں۔