جس دن حکومت فیصلہ کرے گی اس دن عمران خان گرفتار کرلیا جائے گا، رانا ثناء
فیصل آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان قاتلانہ حملے کی کہانی جھوٹ پر مبنی ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے لیکن موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں، ایسے الیکشن ہونے چاہییں جن کے بعد ملک بہتری کی طرف جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جس دن حکومت فیصلہ کرے گی اس دن گرفتار کرلیا جائے گا، اگر چاہتے تو ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران انہیں گرفتار کرسکتے تھے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ عمران خان جو قاتلانہ حملے کی کہانی بیان کررہا ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے، انہیں اسکے سوا کچھ بولنا نہیں آتا۔