قانون کی حکمرانی کی بات کرنیوالوں نے گرفتاری کے ڈر سے جھوٹ بولا: شیری رحمٰن


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر ماحولیات و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کی بات کرنیوالے عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے جھوٹ بولا کہ وہ گھر پر نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیری رحمان نے لکھا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے ماضی میں تمام سیاسی مخالفین کو انتقام کیلئے جیل بھیجا، آصف علی زرداری اور دیگر تمام سیاستدانوں نے من گھڑت کیسز میں جرات اور حوصلے سے گرفتاری دی، عمران خان قانونی اور عدالتی کارروائی کو روکنے کے لئے ہر بار کارکنان کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔


رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان گرفتاری سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ ذاتی طور پر پولیس سے عدالتی نوٹس بھی وصول نہیں کرتے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت پارک میں چھپ گئے، پولیس کو خالی کمرہ دکھایا گیا لیکن پولیس کے جانے کے بعد باہر آئے، قوم اور کارکنان کو قانون کی حکمرانی اور اخلاقیات پر لیکچر دیا۔
سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ یہ پوری قوم کیلئے الگ اور اپنے لئے الگ قانون اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، عدالتی اور پولیس کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور جھوٹ بولنے پر عدالت سختی سے نوٹس لے۔