عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت امریکا اور اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑ رہا ہے، ان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر عدالت حکم دیتی ہے تو عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے، عمران خان نے چند روز سے ڈرامہ شروع کر رکھا ہے،
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی ملزم نے کبھی عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے حکم پر ماضی میں بھی عمل کیا، آگے بھی کریں گے، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، اگر عدالت گرفتاری کا حکم دیتی ہے تو گرفتار ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ شخص ابن الوقت ہے جس کا سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کام کر رہا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کروانے کی کوئی مجبوری نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر کبھی ایک قدم نہیں اٹھایا، سیاستدان عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، ٹی وی پر روتے دھوتے نہیں۔