حکومت عمران خان کی مقبولیت سے گھبرائی ہوئی ہے، شاہ محمود قریشی


لاہور (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عمران خان کو گرفتار کیا جائے، حکومت عمران خان کی مقبولیت سے گھبرائی ہوئی ہے . لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈال دینے سے حکومت کو الیکشن جیتنے میں آسانی ہوگی .


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ مائنس ون فارمولے سے حکومت کیلئے آسانی ہوگی لیکن تاریخ بتاچکی ہے کہ مائنس ون فارمولا نہ کبھی پہلے چلا نہ اب چلے گا . شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر قانونی راستہ اپنائیں گے . تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ شہید ہمارا کارکن ہوا، مظلوم ہم اور قتل کا مقدمہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی قیادت پر ہوا .
انہوں نے کہا کہ کارکن کے والد کی خواہش کے مطابق ایف آئی آر نہیں کاٹی جارہی، ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہوا، ایسے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو روک نہیں پائیں گے . انہوں نے کہا کہ لاہور میں وہی سوچ اور انتظامیہ مسلط ہے جس نے 25 مئی کو طوفان بدتمیزی برپا کیا تھا .
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 8 مارچ 25 مئی کی سوچ کا ہی تسلسل ہے، ایسے واقعات انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں . پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لاہور کے ہر مقام پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں، شہریوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں، اس حکومت نے تمام شہریوں کے حقوق متاثر کیے .
انہوں نے کہا کہ بظاہر پنجاب میں نگران سیٹ اپ ہے لیکن عملاً پی ڈی ایم سوچ نظر آتی ہے، سیاسی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ہمیں کیسز میں الجھایا جا رہا ہے .

. .

متعلقہ خبریں