پی ٹی آئی میں نیب زدہ اور کرپٹ رہنماؤں کے بجائے نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کی سفارش


لاہور (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کی ایڈوائزی کونسل نے نیب زدہ، کرپشن میں ملوث اور وفاداریاں بدلنے والے رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے اور نوجوان قیادت کو آگے لانے کی سفارش کردی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں چئیرمین ایڈوائزری کونسل کی سفارشات عمران خان کو موصول ہوگئیں، چئیرمین ایڈوائزری کونسل کے سربراہ حامد خان نے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔
ایڈوائزری کونسل نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پارٹی مقبولیت عروج پر ہے، الیکٹیبلز کے بجائے پارٹی کے پرانے لوگوں کو ٹکٹ دی جائے، بار بار سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ نہ دیا جائے۔
رپورٹ میں نیب زدہ اور کرپشن میں ملوث رہنماؤں کو بھی ٹکٹ دینے سے گریز کی سفارش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ نوجوان قیادت کو سامنے لایا جائے۔ایڈوائزری کونسل نے مشورہ دیا ہے کہ مخلص، نظریاتی اور نوجوان قیادت کو کرپٹ رہنماؤں پر ترجیح دی جائے۔