اگرتوشہ خانہ تحائف کو غلط طریقے سے حاصل کیا ہو تو ضرور کارروائی کی جائے،شاہد خاقان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر میں نے توشہ خانہ سے تحائف غلط طریقے سےحاصل کیے تو ضرور کارروائی کی جائے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ توشہ خانہ میں میرا بھی نام آیا ہے، بیرون ملک سے اگر کوئی تحفہ ملتا ہے تو اسے توشہ خانہ میں جمع کرایا جاتا ہے، توشہ خانہ تحفے کی قیمت کا تعین کراتا ہے، تحفے کو حاصل کرنے کیلئے رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر میں نے تحائف کو غلط طریقے حاصل کیا ہو تو ضرور کارروائی کی جائے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سالوں سے لوگ احتساب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں لیکن فیصلے نہیں ہو رہے ہیں جب کہ نئے چیئرمین نیب غریب لوگوں کے کیسز ختم کریں سیاست دانوں کے بے شک چلائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی پارٹی بنانے کی کوئی کوشش نہیں، ن لیگ ہی ہماری پارٹی ہے۔ پاکستان ویسے بھی سیاسی جماعتوں میں خود کفیل ہے۔