“میری وفات کے بعد ہر شہر ہر گلی کوچے میں میری نماز جنازہ پڑھیں”ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی صحت یابی کی درخواست انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ہر پاکستانی دل و جان سے محبت کرتا ہے اور اس میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے تاہم اب سینئر صحافی حامد میرنے ٹویٹر پر ایک اخباری تراشہ شیئر کیا ہے جس کے مطابق محسن پاکستان اور محافظ پاکستان کی جانب سے صحت یابی کی درخواست کی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق حامد میر کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں لکھا ہے کہ ”ہم سب کو رب العزت نے پیدا کیاہے اورہم سب کو ایک دن موت کا مزہ چکھنا ہے۔ اور خالق حقیقی کے سامنے اپنے اعمال کی جواب دہی کرنا ہے ۔ میں چند دنوں سے سخت بیمار ہوں ۔علاج جاری ہے ، گناہ گار ہوں ۔دعائے مغفرت کرتا رہتا ہوں ۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ میری صحتیابی کی دعا کریں میری وفات کے بعد پورے پاکستان کے ہر شہر ہر گاﺅں ہر گلی کوچے میں آپ نے میرے لیے نماز جنازہ پڑھنا ہے ۔اور دعائے مغفرت کرنا ہے ۔ میں نے دل و جان ، خون ، پسینہ سے ملک وقوم کی خدمت کی ہے جو کہا گیااس پر عمل کیا ، کوئی غلط کام نہیں کیا ، اور نہ ہی میرے محبت وطن ساتھیوں نے کوئی غلط کام کیا ۔ میرا اللہ میرا گواہ ہے ، میں جہاں چاہتا جاتا کھرب پتی ہو جاتا ، مجھے پاکستان عزیز تھا، آپ عزیز تھے، آپ کی حفاظت و سلامتی میرا فرض تھا ، میں دسمبر 1971 کو کبھی نہ بھلا سکا ۔والسلام، طالب دعا، آپ کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان ، (نوٹ) آپ نے محسن پاکستان ، محافظ پاکستان کے القاب سے نوازا ہے ، تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ پاکستان زندہ باد“