” ہمارے کارکن نے اس خاتون کو خون کے پیاسے ظالم رینجرز اور پنجاب پولیس کی سیدھی گولیوں سے بچایا” وائرل ویڈیو پر عمران خان بھی بول پڑے


لاہور (قدرت روزنامہ) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک کارکن کو فورسز کی سیدھی گولیوں کے راستے میں آنے والی خاتون کی ڈھال بنتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے خاتون کو بچانے والے کارکن کی تعریف کی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زمان پارک آپریشن کے دوران فورسز کی جانب سے فائرنگ کی جا رہی ہے، اس دوران ایک خاتون اکیلی سامنے کھڑی ہوئی ہے، ویڈیو دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ جیسے فورسز کے جوان اس خاتون پر نشانہ سادھ رہے ہیں، اسی دوران پی ٹی آئی کا ایک کارکن اس اکیلی خاتون کی ڈھال بن کر اس کے سامنے کھڑا ہوجاتا ہے۔
عمران خان نے واقعے کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا “گجرات سے ہمارے کارکن عثمان جوڑا نے اس خاتون کو خون کے پیاسے ظالم رینجرز اور پنجاب پولیس کی سیدھی گولیوں سے بچایا۔خود پر ہونے والے جبر و تشدد کے دوران ہم نے عثمان جیسے کارکنان کے عزم اور جوش و جنون کا مشاہدہ کیا۔”