سندھ

کچھ دنوں سے وہ ہورہا ہے جو پاکستان میں ماضی میں نہیں ہوا، شرجیل میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے ترجمان شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو ماضی میں نہیں ہوا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عدالت کے احکامات کی دھجیاں اڑائی گئیں مگر افسوس کی بات ہے کہ اس شخص کو ضمانت مل گئی۔شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں سے ڈرامے کرائے، یہ غنڈہ گردی کے ذریعے حکومت میں آنا چاہتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کسی بھی موقع پر عدالت انہیں نہیں بلاسکتی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، ماضی میں بڑے لیڈران نے عدالتوں کا سامنا کیا۔انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد پولیس والوں کو زخمی کیا لیکن عدالت سے ضمانت مل گئی، صدر کہتا ہے کہ عمران خان کے خلاف سازش ہے، کون سے ملک میں ایسا ہوتا ہے، کون کر رہا ہے سازش، عدالت سازش کر رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کا بیٹا سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف سازش چلا رہا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہمارے لیے 2 مقدمات اہم ہیں، پہلا مقدمہ ذوالفقار بھٹو کا جو عدالتی قتل کیا گیا، 10سال سے اوپر ہوگئے لیکن ذوالفقار بھٹو کے ریفرنس کو نہیں سناجارہا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آئین کے بانی کے مقدمے کو نہیں سنا جارہا ہے، ہمیں ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس کا فیصلہ چاہیے۔شرجیل میمن نے کہا کہ دوسرا مقدمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کا مقدمہ ہے، خانہ پوری کر کے مقدمے کو ملتوی کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کیس کو سننے کے لیے عدالت کے پاس وقت نہیں، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ نے پاکستان کے لیےجان تک قربان کی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کو چھٹی کے دن بھی ریلیف مل جاتا ہے، آج ہمارے ورکر ہم سےسوال کر رہے ہیں کہ دہرا معیار کیوں ہے اور اپنے کیسز جلدی چلوانے کے لیے ہم بھی یہی کرنا شروع کردیں؟

متعلقہ خبریں