فائنل میں ملتان سلطانز جیسی متوازی ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے، ثمین رانا


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے کہا ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز جیسی متوازی ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے۔لاہور میں پشاور زلمی کے خلاف اہم میچ میں فتح کے بعد ثمین رانا نے کہا کہ پی ایس ایل 8 سب سے بہتر جا رہا ہے، پی سی بی کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد کا کریڈٹ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل ہوئی، اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنا اور پرفارم کرنے کا اپنا مزہ ہے۔لاہور قلندرز کے منیجر نے مزید کہا کہ ہماری پی ایس ایل کے آغاز میں اچھی پرفارمنس نہیں رہی تھی، ہمیں بہت باتیں سننا پڑی ہیں، ہمیں اشتہاری ٹیم تک کہا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) پر باتیں کی گئیں، اب پی ڈی پی کے نوجوان پرفارم کر رہے ہیں، یہی بچے ہماری ٹرافی ہیں۔
ثمین رانا نے یہ بھی کہا کہ شاہین آفریدی پر ہماری نظر تھی کہ وہ ہمارے کپتان ہوں گے، لاہور قلندرز سب سے بہتر اور متوازن ٹیم ہے، سارا کریڈٹ ٹیم کے کپتان کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز جیسی متوازن ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے، ہم ملتان سلطانز کو 2 مرتبہ ہرا چکے ہیں، ہم اپنے پوٹینشل کے مطابق کھیلے تو مشکل نہیں ہو گی۔لاہور قلندرز کے ٹیم منیجر نے کہا کہ ہر میچ کے بعد کہا جاتا ہے شاہین آفریدی بیمار ہیں، ایسا نہیں ہے، کپتان کے پرانے آپریشن کی تصویر لگا کر کہا جاتا ہے وہ بیمار ہے، غلط خبریں پھیلانے کا افسوس ہوتا ہے یہ اچھی چیز نہیں۔