کھانے سے 30 منٹ پہلے بادام کھائیں، ذیابیطس پر قابو پائیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کھانے سے پہلے بادام کھانے سے ذیابیطس کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔دو نئی امریکی تحقیقی مطالعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھانے سے پہلے بادام کھانے سے ذیابیطس اور موٹاپے کے شکار افراد بلڈ شوگر کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔
مذکورہ تحقیق کے لئے محققین نے 2 تحقیق ایک طویل مدت اور ایک مختصر دورانیے کی کیں۔ طویل مدت تحقیق 3 ماہ جبکہ مختصر مدت تحقیق 3 دن پر مشتمل تھی۔اس دوران شرکاء کو صبح، دوپہر اور رات کے کھانے سے 30 منٹ پہلے مٹھی بھر بادام (تقریباً 20 گرام) کھانے تھے۔ یہاں یہ واضح رہے کے اس تحقیق کے دوران شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ اس دوران تمام دیگر خشک میوہ جات کے استعمال سے پرہیز کیا جائے۔
ماہرین نے اس تحقیق کے لئے یہ مفروضہ رکھا کہ کھانے سے پہلے بادام کھانے سے یہ گلوکوز اور انسولین کے اتار چڑھاؤ کو کم کرنے میں مدد دے گا۔اس مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ بادام خون میں گلوکوز کی سطح کو منظم رکھنے کے لئے اہم جز ثابت ہوا۔
ان نتائج سے محققین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہر کھانے سے 30 منٹ پہلے مٹھی بھر بادام (تقریباً 20 گرام) کھانے سے گلیسیمک کنٹرول (glycemic control) کو تیزی سے اور زبردست طور پر بہتر بنا سکتا ہے اور بلڈ شوگر کو بھی کم کرتا ہے۔