جسٹس مظاہر کے بیٹوں نے جوڈیشل ریفرنس دائر کرنیوالے وکیل کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کے بیٹوں نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے والے وکیل میاں داؤدکے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔جسٹس مظاہرنقوی کےبیٹوں مرتضیٰ مظاہر نقوی اور مصطفیٰ مظاہر نقوی نے سول عدالت میں الگ الگ مقدمہ دائر کیا ہے۔
سول عدالت میں دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ میاں داؤد ہمیشہ عدلیہ کے خلاف مہم چلاتا ہے، میاں داؤد نے والدکے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائرکیا ہے، جس میں ہماری فیملی سے متعلق بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔درخواست گزاران کا کہنا ہےکہ میاں داؤد نے ہماری فیملی کے خلاف ٹوئٹر اور فیس بک پر مواد شیئر کرکے ہماری ساکھ کو نقصان پہنچایا، میاں داؤدکو سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگانے سے منع کیا جائے اور میاں داؤد کے خلاف 30,30کروڑ ہرجانےکی ڈگریاں جاری کی جائیں۔
ایڈیشنل سیشن جج قمر عباس نے میاں داؤد کو 19اپریل کے لیے پیشی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔خیال رہے کہ میاں داؤد ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف جائیدادوں سے متعلق ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ریفرنس میں سپریم کورٹ کے جج اور ان کے اہلخانہ کی جائیدادوں کی تحقیقات کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔