پی ٹی آئی والے معیشت کے بارے میں غلط پراپیگنڈا کر رہے ہیں، کوآرڈینیٹر وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال کیانی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے معیشت کے بارے میں غلط پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن عوام پی ٹی آئی دور میں کی جانے والی معاشی تباہی نہ بھولے کیونکہ ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب تحریک انصاف نے پہنچایا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ عمران خان نے چار سالوں میں ملکی معیشت کو کمزور کیا، گزشتہ حکومت نے دو کروڑ لوگوں کو غربت میں دھکیلا ہے۔ جب عمران خان کو حکومت ملی تو مہنگائی کی شرح تین فیصد تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں 60 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے جبکہ ن لیگ گزشتہ دور میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائی اور نواز شریف نے ہی آئی ایم ایف پروگرام ختم کیا تھا۔بلال کیانی نے کہا کہ قرضوں پر بات کرنے والے کہتے تھے کہ ہم ڈیٹ کمیشن بنائیں گے لیکن عمران خان نے ریکارڈ قرض لیے جو ملکی تاریخ میں 78 فیصد تک ہیں۔ عمران خان نے اپنی نالائقی اور چوری سے ملکی معیشت تباہ کی۔ پی ٹی آئی نے ملک کو دیوالیہ ہونے کی نہج تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا کریڈٹ میاں نواز شریف کی حکومت کو جاتا ہے، بجلی اور گیس کے گردشی قرضوں میں اضافہ عمران خان کے دور حکومت میں ہوا۔ اپنی کرسی کے لیے عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ معیشت کی تباہی سمیت چوری بھی عمران خان حکومت کا طرہ امتیاز رہی۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں فرنس آئل لابی کو خوش کرنے کے لیے معیشت کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان نے اپنے دور میں آٹا اور چینی مافیا کو خوش کرنے کے لیے ایکسپورٹ کی جازت دی۔