گلوکارہ سارہ ہارڈنگ چھاتی کے کینسر کے باعث انتقال کر گئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بین الاقوامی شہرت کی حامل برطانوی پوپ گروپ گرلز الاؤڈ کی گلوکارہ سارہ ہارڈنگ چھاتی کے کینسر کے باعث 39سال کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سارہ ہارڈنگ کو گزشتہ سال اگست میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی ، اس کے بعد ان کی ماسٹیکٹومی اور کیموتھریپی بھی ہوئی۔
سارہ کی ماں نے انسٹاگرام پر ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ایک چمکتا ہوا ستارہ 12 ماہ تک بیماری سے لڑنے کے بعد آخر ڈوب گیا۔
سارہ کی والدہ نے مزید لکھا کہ میں انتہائی غمزدہ دل کے ساتھ یہ خبر شیئر کر رہی ہوں کہ میری خوبصورت بیٹی سارہ کا انتقال ہو گیا ۔ آپ میں سے بہت سے لوگ سارہ کی کینسر کے ساتھ لڑائی کے بارے میں جانتے ہوں گے، اس نے کینسر کی تشخیص سے لے کر آخری دن تک اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کی۔ وہ آج صبح پرسکون طور پر چلی گئی ۔
انہوں نے لکھا کہ میں پچھلے ایک سال کے دوران ان کی حوصلہ افزائی ، ہمت بڑھانے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں ۔
والدہ نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں مزید لکھا کہ میں چاہتی ہوں کہ سارہ کو ایک چمکتے ہوئے ستارے کی طرح یاد رکھا جائے نہ کہ انہیں خوفناک بیماری کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے مر جانے والی لڑکی کے طور پر یاد رکھا جائے۔