واٹس ایپ صارفین جلد گوگل ڈرائیو کے بغیر چیٹ منتقل کر سکیں گے


کیلیفورنیا(قدرت روزنامہ) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے صارفین کی آسانی کے لیے حالیہ دنوں میں تواتر کے ساتھ واٹس ایپ میں نئے فیچر متعارف کرائے ہیں۔ اس ہی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کمپنی ایک ایسا فیچر متعارف کرانے جارہی ہے جس کی مدد سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چیٹ کی منتقلی انتہائی آسان ہوجائے گی۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جلد ہی کمپنی کی جانب سے ایسی سہولت فراہم کر دی جائے گی جس کے تحت دو اینڈرائیڈ ڈیواسز کے درمیان واٹس ایپ چیٹ کی منتقلی بغیر گوگل ڈرائیو کے کی جاسکے گی۔ یہ نیا فیچر واٹس ایپ اینڈرائیڈ بِیٹا کے 2.23.9.19 ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

(تصویر: WABetaInfo)
اس فیچر کا مقصد چیٹ کی منتقلی کے عمل سے مؤثر انداز میں گوگل ڈرائیو چیٹ بیک اپ کی ضرورت کو ختم کرنا ہے۔اگر آپ اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے بِیٹا ٹیسٹر ہیں تو آپ یہ نئی اپ ڈیٹ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
ایپ کے اندر سیٹنگ مینیو میں چیٹ ٹرانسفر کا ایک آپشن ہوگا۔ اس آپشن کو چننے کے بعد ایک کیو آر کوڈ سامنے آئے گا جس کو نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس سے اسکین کیا جاسکے گا تاکہ منتقلی کے عمل کو شروع کیا جاسکے۔