وادیٔ نیلم میں سیاحوں کی جیپ دریا میں جاگری، 10 افراد ڈوب گئے


مظفر آباد(قدرت روزنامہ) وادیٔ نیلم میں سیاحوں کی جیپ دریا میں گرنے سے 10 افراد ڈوب گئے جن میں سے 2 کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں۔جیپ کو حادثہ بالائی وادی کی تحصیل شاردہ کے گاؤں پھلاوئی کے مقام پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں دریا میں ڈوبنے والے 10 میں سے 8 افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے جب کہ 2 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق جیپ پر 14 افراد سوار تھے، جن میں 12 سیاح اور ڈرائیور سمیت 2 مقامی افراد شامل تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 4 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دریائے نیلم کی تیز موجوں کی نذر ہونے والے 8 افراد کی تلاش جاری ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بہہ جانے والوں کے زندہ بچ جانے کا امکان نہیں کیوں کہ حادثے کا شکار ہونے والی جیپ گہری کھائی سے نیچے گر کر دریائے نیلم میں جا لگی تھی۔ تاؤ بٹ سے واپس آنے والی جیپ کو حادثہ رات ساڑھے 8 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔