دوران لینڈنگ ٹائر پھٹنے سے پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا


لاہور(قدرت روزنامہ) دمام سے لاہور آنیوالا پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ ٹائر پھٹنے سے حادثے سے بال بال بچ گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات دمام سے لاہور آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 248 کا کمزور ٹائر لینڈنگ کے دوران پھٹ گیا جس کے باعث طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔
ٹائر لینڈنگ کے دوران رن وے سے ٹکرانے پر مزید خراب ہوگیا، پی آئی اے کے کپتانوں نے طیارے کو خراب ٹائر تبدیل کیے بغیر اڑانے سے انکار کردیا۔طیارے کے ٹائر تاحال تبدیل نہ ہونے کے باعث آج صبح ریاض جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، پرواز کے مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا، طیارے کے ٹائر تبدیل کرنے کے لیے نئے ٹائر کراچی سے لاہور لائے جارہے ہیں
واضھ رہے کہ پی آئی اے طیاروں کے ٹائر خراب ہونے کا معاملہ آئے روز پیدا ہورہا ہے، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لینڈنگ کے دوران یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے جہاز کے ٹائر تبدیل کردیے جائیں گے، اس سلسلے میں پی آئی اے انجینئرز نے کام شروع کردیا ہے۔