سعودیہ ایران تعلقات کی بحالی سے خطے کی مساوات تبدیل ہوگی : ابراہیم رئیسی


تہران (قدرت روزنامہ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطے میں مساواتیں تبدیل ہو جائیں گی۔ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے خبر رساں ایجنسی کو خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب دو عظیم ملک ہیں اور ان کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطے میں اہم تبدیلیاں رونما ہونگی ۔
ایرانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب کو ایران کا دشمن یا ایران کو سعودی عرب کا دشمن قرار دینا ناقابل قبول ہے ، سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے صرف امریکا اور اسرائیل کو دشمن قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کو فوبیا بناکر خطے کے ممالک کو ڈرانے اور دھمکانے کی سازش کی، وقت کے ساتھ یہ سازش بے نقاب ہوگئی۔
ابراہیم رئیسی نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ ایران گزشتہ دہائیوں میں بھی شام کے ساتھ کھڑا تھا اور مستقبل میں بھی کھڑا رہے گا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ شام کے صدر بشارالاسد نے امریکی اتحاد اور اسرائیل کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، امریکا اور اس کے حواریوں نے شام کو تقسیم کرنے کی گھناؤنی سازش کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں نے داعش اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو تشکیل دینے کا اعتراف کیا ہے۔واضح رہے اس ہفتے کے شروع میں رئیسی نے شام کا دو روزہ دورہ کیا تھا اور اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایک اہم موڑ قرار دیا۔