جب نواز شریف واپس آئے گا تب مونس الٰہی واپس آئے گا، پرویز الہٰی


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کا کہنا ہے کہ جب نواز شریف واپس آئے گا تب مونس الٰہی واپس آئے گا، اس وقت صرف اعلیٰ عدلیہ نے ملک کو سنبھالا ہوا ہے، گھر پر حملہ کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ ظہور الٰہی پر کورٹ رپورٹرز سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، جام صادق ہے، ڈر یہ ہے کہ یہ لوگ کہیں یہ نہ کہہ دیں کہ ملک ہی ختم ہو گیا ہے، اس وقت صرف اعلیٰ عدلیہ نے ملک کو سنبھالا ہوا ہے۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف، شہباز شریف کو تمام ہدایات دے رہا ہے اِس وقت برطانیہ میں بیٹھ کر عدلیہ کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، عدلیہ اس ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور یہ پی ڈی ایم والے لوگ آئین پاکستان سے کھیل رہے رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ صرف عمران خان نے اس وقت قوم کو اکٹھا کیا ہوا ہے، امید ہے اس ہفتے عدالتوں کے فیصلے سامنے آجائیں گے، یہ لوگ ایک پلاننگ کے تحت عدلیہ کے خلاف کام کررہے ہیں۔
انہوں نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر سپریم کورٹ عابد زبیری کے خلاف بھی پی ڈی ایم کام کررہے ہیں، کالے کوٹ والے انقلاب لے کر آآئیں گے۔پرویز الہی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورۂ بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کے دورہ بھارت کے دوران پاکستان کا جھنڈا ہی کہیں نظر نہیں آیا، بلاول سے تو کسی نے ہاتھ ہی نہیں ملایا۔
انہوں نے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ 14 مئی کے الیکشن کے اثرات نظر آ رہے ہیں،تحریک انصاف میں کیا مختلف ہو رہا ہے مجھ پر بھی مقدمات درج ہورہے ہیں۔پرویز الہی نے طنزیہ طور پر کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شہباز شریف کو تاج پوشی کے لیے بلایا ہے مجھے خدشہ ہو گیا تھا کہ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے شاہ چارلس کا تاج بھی نہیں رہنا۔
انہوں نے کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں پورے ملک کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے، دل کی گہرائیوں سے اپنی عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ نے ججز کے دلوں میں دانش اور سوجھ بوجھ پیدا کی ہے اور عدلیہ نے اس نظام کو بچایا ہوا ہے اس ملک کو بچایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے منہ میں اس کا یار نوازشریف بولتا ہے، نگراں وزیر اعلی پنجاب گھس بیٹھیا ہے، اس کی میعاد ختم ہوچکی ہے، ہمارے بیس لوگوں کو اس رات پولیس نے پکڑلیا اور مجھ پر بھی 17 مقدمے درج کیے، ہمارے گھر میں سب مہمانوں کے موبائل فون اور ان کی جیبوں سے تمام پیسے لے گئے، باہر موٹر سائیکلیں کھڑی تھیں پولیس والے وہ بھی لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو اور ہمت دے، اگر آپ عدلیہ کے ساتھ ہیں تو ہی آپ اس ملک میں زندہ رہ سکتے ہیں، آپ عدالتوں میں ہر وقت دیکھتے ہیں کہ ہم لوگ ضمانتیں کروا رہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا تو اس وقت حکومت میں آنے کا چانس دور دور تک نہیں۔ پرویز الٰہی نے واضح کہا کہ گھر پر حملہ کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا، اس ہفتے سپریم کورٹ سے بڑا فیصلہ سامنے آئے گا۔