بجلی مزید مہنگی، فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 90 پیسے اضافہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 90 کا اضافہ کردیا گیا۔نیپرا میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ سی پی پی اے نے 2 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی تھی۔
بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 23 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ فی یونٹ قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پرنہیں ہوگا۔ نیپرا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا۔حکام کا کہنا تھا کہ مئی میں کوئلے کی جگہ آر ایل این جی کا استعمال بڑھایا گیا۔ کوئلے سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہونے کی وجہ سے آر ایل این جی پر منتقل ہوئے۔ ٹرانسمشن لائنز میں فالٹس کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوا۔ گدو جامشورو لائن میں 6 ماہ میں 5 مرتبہ فالٹ آ چکا ہے۔
نیپرا نے ٹرانسمشن لائنز پر مسلسل فالٹ اور مینٹیس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر سستی بجلی کی فراہم نہ کرنا صارفین سے زیادتی ہے۔ نیپرا حکام کے مطابق جنوب میں ٹرانسمشن لائنز پر صرف چورہی نہیں این ٹی ڈی سی افسران بھی شامل ہیں۔ انکوائری رپورٹس میں تمام پہلوؤں کو واضح کیا گیا اس کے باوجود چوری نہیں کم ہوئی۔ نیپرا نے این ٹی ڈی سی کے سسٹم سے چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر رپورٹ طلب کرلی۔
این ڈی ڈی سی حکام کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن سسٹم سے اشیاء کی چوری ہو رہی ہے۔ جنوب میں چوری کے واقعات بہت زیادہ ہیں۔ مجموعی طور پر ٹرانسمشن لائنز سے چوری کی حالیہ 11 ایف آئی آرز سمیت 33 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔نیپرا کے رکن کا کہنا تھا کہ یہ تو اور بھی حیران کن اور افسوسناک بات ہے کہ ٹرانسمشن لائنز سے سامان چوری ہو رہا ہے۔ایف آئی آر کا مطلب تو ٹرک کی بتی ہے۔