آئی ایم ایف ڈیل کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے، شیخ رشید
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کی سربراہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ڈیل کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ نیب کے خلاف بیانیہ بنا کے اقتدار میں آنے والوں نے نیب کو ہی اپنا ہتھیار بنا لیا، حکومت نے صدر کے حج پر جانے کا بھی پورا فائدہ اٹھایا۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ چور اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کے لیے رات کی تاریکی میں ہمیشہ کالے قانون بناتے ہیں، بعد میں خود اُس میں پھنس جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس چل رہا تھا اُسے نیب کے کالے قانون کے مقاصد کے لیے ختم کیا گیا اور رات کے اندھیرے میں کالا قانون ٹھونس دیا گیا، جو گھڑھا کسی کے لیے کھود رہے ہیں بلاآخر ایک دن یہ اس میں خود گریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا کیس سپریم کورٹ میں ہے اور امید ہے اُس کا فیصلہ بھی جلد آجائے گا، آئی ایم ایف ڈیل کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے، عوام کے لیے ریلیف نہیں تکلیف ہی تکلیف ہے، ایک ہفتہ ڈالر گرایا جائے گا پھر اپنی اصلیت پر لایا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ 24 سال میں نیب ملک میں کرپشن نہیں ختم کر سکی کیونکہ اُنکو تعینات کرنے والی اشرافیہ خود ہی کرپٹ ہوتی ہے۔