’مقابلہ برداشت ہے، دھوکا دہی نہیں،‘ نئی ایپ ’تھریڈز‘ پر ایلون مسک کا ردِ عمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اپنے حریف، میٹا کے مالک مارک زکر برگ کی جانب سے نئی ایپلیکیشن ’تھریڈز‘ لانچ کرنے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز انسٹاگرام اور فیس بُک کی مَدر کمپنی ’میٹا‘ کے مالک مارک زکر برگ نے نئی سوشل میڈیا ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کی ہے۔
اس ایپ نے آن لائن آتے ہی چند ہی گھنٹوں کے دوران 10 ملین سے زائد انٹرنیٹ صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔دوسری جانب اس نئی ایپ کی لانچ سے کچھ گھنٹے قبل ہی ایلون مسک کی جانب سے میٹا پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔
ایلون مسک کے وکیل کی جانب سے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے نام خط آن لائن نیوز آؤٹ لیٹ پر شائع کیا گیا تھا۔خط میں میٹا پر ٹوئٹر کے سابق ملازمین کو نوکری دے کر تجارتی رازوں اور انتہائی خفیہ معلومات تک رسائی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
جس کے بعد ایلون مسک نے اس ایپ پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے دھوکا قرار دیا ہے۔


ایلون مسک کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’مقابلہ ٹھیک ہے، دھوکا دہی نہیں۔‘واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں حریف کمپنی میٹا کی ایپ ’تھریڈز‘ کو ’کاپی پیسٹ‘ قرار دیا تھا۔