پاکستان

سوشل میڈیا پر آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی مہم، وزیراعظم کی شدید مذمت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسی ہی ذہن سازی کی گئی تھی، لہٰذا 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، ان شاءاللہ۔ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ خبریں