’بہت بڑے اسٹار‘ کے ہاتھوں بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کیا، سومی علی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی سابق اداکارہ سومی علی کا کہنا ہے کہ ایک ’بہت بڑے اسٹار‘ کے ہاتھوں بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کیا۔بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان کی سابق گرل فرینڈ اور اداکارہ سومی علی نے سوشل میڈیا پر نئی پوسٹ میں بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ تم مجھے خاموش نہیں کروا سکتے۔ مجھ سے کہا گیا ہے کہ میں اپنی پوسٹس ہٹا دوں لیکن میں یہ سلسلہ جاری رکھوں گی۔
سابق اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جس ذلت سے میں گزری ہوں اور جس ذہنی اور جسمانی تشدد کا مجھے نشانہ بنایا گیا کوئی اس کا تصور نہیں کرسکتا اس لیے میں اب پیچھے نہیں ہٹوں گی۔
سومی علی نے کہا کہ ’بہت بڑے اسٹار‘ نے مجھ پر ذہنی اور جسمانی تشدد کیا۔ ان حالات میں کوئی بھی آپ کے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا کیونکہ آپ پر ظلم کرنے والا بڑا اسٹار انڈسٹری میں آپ کو کام سے محروم کرسکتا ہے۔
سومی علی اس سے قبل بھی بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان پر تشدد کے الزامات عائد کرچکی ہیں۔ سومی علی اورسلمان خان ماضی میں قریبی دوست رہ چکے ہیں اور دونوں کی شادی کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں۔