کیپٹل پولیس ڈولفن ایمرجنسی رسپانس یونٹ کا افتتاح، پہلا دستہ فرائض پر مامور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کیپٹل پولیس ڈولفن ایمرجنسی رسپانس یونٹ کا افتتاح کر دیا، پہلا دستہ فرائض پر مامور کر دیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم بڑھنے پر وزیراعظم نے فنڈز دیے جس سے فورس متعارف کروائی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فورس اسٹریٹ کرائم پر قابو پائے گی اور مجرموں کا قلع قمع کرے گی، فورس میں 900 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ فورس کا مقصد مذہبی عبادت گاہوں، جلسے جلوسوں کو بھی تحفظ دینا ہے۔
انہوں نے فورس کے اہلکاروں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کا فرض شہریوں کی حفاظت ہے جو ایک عبادت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈولفن فورس کے پہلے دستے کیلئے 40 گاڑیاں اور 200 موٹرسائیکلیں ہوں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈولفن فورس سب سے پہلے لاہور میں متعارف کروائی گئی، اسلام آباد کے اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے میں یہ ایک اہم قدم ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خان اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔