بجلی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک اضافے کا نوٹی فکیشن جاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کے اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک کے اضافے کی درخواست کی گئی تھی، جس کی بعد ازاں نیپرا نے منظوری دے دی تھی۔ آج پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کا اطلاق جولائی 2023ء سے ہوگا، جس کے بعد بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گیا ہے جب کہ سیلز ٹیکس کے بعد فی یونٹ بنیادی ٹیرف50 روپے41 پیسے تک ہوگیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: نیپرا نے حکومتی درخواست پر بجلی کی قیمت میں 7.50 روپے تک اضافے کی منظوری دیدی
پاور ڈویژن کے مطابق ماہانہ ایک سے100 یونٹ تک کا ٹیرف3 روپے اضافے سے16.48 روپے ہوگیا ۔ 101سے200 یونٹ تک کا ٹیرف4 روپے اضافے سے22.95 روپے، 201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف5 روپے اضافے سے27.14 روپے، 301 سے400یونٹ کا ٹیرف6.50 روپے اضافے سے32.03روپے ہوگیا۔
ماہانہ401 سے500 یونٹ کا ٹیرف7.50روپے اضافے سے35.24روپے، 501 سے600 یونٹ کا ٹیرف7.50روپے اضافے سے36.66روپے ، 501 سے600 یونٹ کا ٹیرف7.50روپے اضافے سے37.80روپے، 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف7.50 روپےاضافے سے 42.72 روپے ہوگیا۔
علاوہ ازیں ماہانہ50یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95 روپے اور 51سے100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے برقرار ہے۔ اسی طرح ایک سے100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے اور ماہانہ101سے200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ10.06روپے برقرار ہیں۔