سلمان خان کے ساتھ کام کا تجربہ خوفناک تھا، زرین خان


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان نے میگا اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو خوفناک قرار دے دیا۔
بالی ووڈ کی ہیروئن زرین خان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دئیے۔ زرین خان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں ٹیلنٹ کے بجائے دوستی کو اہمیت دی جاتی ہے۔ یہاں لوگوں کو صلاحیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ دوستی کی وجہ سے کام ملتا ہے۔ بالی ووڈ میں اقربا پروری پر مایوسی ہوتی ہے۔
زرین خان نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار کے ساتھ کام کا تجربہ خوفناک تھا تاہم انہوں نے اس بات کی مزید وضاحت نہیں کی۔
بالی ووڈ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ کیرئیر کے آغاز میں جب انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل کہا جاتا تھا توانہیں خوشی ہوتی تھی تاہم اسی چیز نے ان کے کیرئیر کو بہت نقصان پہنچایا۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ میرے بالی ووڈ میں بہت تعلقات ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ میں بہت زیادہ سوشل نہیں اور نہ زیادہ لوگوں سے میری جان پہچان ہے۔