پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی ہوچکی، جلد گرفت میں لائیں گے، آئی جی پولیس بلوچستان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی ہوچکی ہے بہت جلد وہ قانون کی گرفت میں ہونگے امن وا مان کی بحالی اور پولیس کے نظام کی بہتری کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لے کر تفتیش کے نظام کو مربوط بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں تاکہ مجرموں کو اُنکے جرائم کی سزا کیلئے منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے پولیس نے اپنی جانیں قربان کرکے بلوچستان میں امن کے قیام کو یقینی بنایا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (SCIW)کوئٹہ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان جواد ڈوگر ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ، ڈی آئی جی کرائم برانچ ایاز بلوچ،اے آئی جی عبدالحق عمرانی،اے آئی جی شیر علی چنگیزی،ایس ایس پی انوسیٹی گیشن شعیب احمد مسعود،ایس ایس پی آپریشن زوہیب محسن ایس پیز عدیل اکبر گجر،اے ایس پی محمد شریف ،اے ایس پی عبداللہ عمران چیمہ،ایس پی محمد آصف ڈی ایس پیز شوکت جدون،سمیت دیگر بھی موجود تھے مذکورہ انویسٹی گیشن کرائم یونٹ کا افتتاح پولیس کے شہید اہلکار کی بیٹی سے کرایا گیا آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تخریب کاری کے حوالے سے پولیس کو بڑے عرصے سے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پہلے دھماکے ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم کا سامنا کرنا پڑتا تھا پولیس آفیسران نے محنت کرکے ان پر قابو پایا اور حالات کو بہتر بنایا موجودہ تخریب کاری کی جو لہر آئی ہے اس میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملنے والی معلومات کی روشنی میں ملزمان کی نشاندہی ہوچکی ہے جو بہت جلد قانون کی گرفت میں ہونگے ہماری کوشش ہے کہ بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تفتیش کے دائرہ کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے جسطرح دیگر شعبوں میں اسپیشلائزیشن ہورہی ہے اسی طرح انوسیٹی گیشن میں بھی کام کرنیوالے آفیسران و جوان اسپیشلائزیشن کریں تاکہ جو بھی مجرم جرم کرے اُن کیسسز کی صحیح طریقے سے تحقیقات کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد مل سکے پولیس پہلے بھی جرائم کی روک تھام اور مجرم کا سراغ لگاتی رہی ہے لیکن انوسیٹی گیشن میں جو خامیاں یا کمیاں ہیں انہیں رولز میں ترمیم کرکے بہتری لائی جاسکے انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے تحفظ کیلئے اپنی دیگر ذمہ داریاں جس میں الیکشن پولیو ، وی آئی پیز کی ڈیوٹی سمیت دیگر فرائض سرانجام دینے پڑتے ہیں ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا رہتا ہے ہم نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کی بجاءآوری کو بھی ممکن بنانا ہے پولیس کا مورال بلند ہے شہداءنے اپنے خون کا نذرانہ دیکر امن کی بحالی کو یقینی بنایا ہے شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائیگا پولیس کی مختلف حوالوں سے ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے جس میں انسرجنس مذہبی انتہا پسندی اور مختلف جرائم پیشہ عناصر مد بھیٹر میں اس حوالے سے ہمیں مختلف طریقوں پر کام کرنا پڑتا ہے ایک روایتی پولیسنگ کا طریقہ کار ہے لیکن دیگر ملزمان کو اُسی طرح ٹریٹ کرنا پڑتا ہے پولیس نے بہتر حکمت عملی کے تحت صوبے میں تھریٹ کے باوجود نیشنل گیمز پی ایس ایل کا میچ کرانے کے ساتھ ساتھ محرام الحرام کے جلوس کو پرامن طریقے سے اختتام پزیر کرایا ہے سی ٹی ڈی کی جانب سے بہت سے جرائم پیشہ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے جس میں انسرجنس داعش ، ٹی ٹی پی سمیت دیگر تخریب کاروں کا فورس اور اے ٹی ایف نے بہتر طریقے سے سراغ لگا کر قانون کی گرفت میں لائے ہیں ہماری کوشش ہے کہ مجرموں کا سراغ لگایا جائے اگست کے مہینے میں مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اُن کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس نے امن کی بحالی اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی .

.

.

متعلقہ خبریں