اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کا مزید اضافہ ہو گیا، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیے . ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 30.82 فیصد تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے ریکارڈ 29 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا .
رپورٹ کے مطابق 5اشیا کی قیمتوں میں کمی،17 کی قیمتیں مستحکم رہیں،گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام کاپیکٹ 13 روپے مہنگا ہوا . پیکجڈ دودھ 390 گرام 28 روپے مہنگا ہوا جبکہ دال ماش 15 روپے،دال مونگ 3 روپے اوردال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی، لہسن کی فی کلو قیمت میں دس روپے کا اضافہ ہوا .
چینی کی قیمت میں فی کلو 3 روپے اضافہ جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کا اضافہ ہوا، انڈے ایک ہفتے کے دوران فی درجن 5 روپے مہنگے ہوئے .
گزشتہ ہفتے پیاز،آلو،ٹماٹراورکیلے بھی مہنگے ہوئے، کھلا دودھ،گڑ،چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا . گزشتہ ہفتے کے دوران ویجٹیبل گھی کی قیمت میں 9 روپے کی کمی واقع ہوئی . ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے سستا ہو گیا دوسری جانب برینڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستا ہوا .