اقتصادی کامیابی کیلیے تعاون کرتے رہیں گے؛جشن آزادی پرامریکا کی پاکستان کو یقین دہانی

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ امریکا اقتصادی کامیابی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا . امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کی حکومت کی طرف سے میں پاکستانی عوام کے ساتھ 14 اگست کو یوم آزادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں .

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب ہم تعاون کے نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں اور پاکستان انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے . ہم جامع اقتصادی ترقی، توانائی، امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں .

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے . ہم دونوں ممالک کے خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں . بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے امریکا کی پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رہے گی . ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے عزم کا اشتراک کرتے ہیں . پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو اپنی نیک خواہشات بھیجتے ہیں . آئیے ان مشترکہ اقدار کا جشن منائیں جو ہم کو متحد کرتی ہیں . تعاون، ترقی اور امن کے مستقبل کے منتظر ہیں . یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان! امریکی وزارت خارجہ کے محکمۂ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کے امور نے بھی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا جشن منانے والے پاکستانیوں کے لیے پرتپاک نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ایک پھلتی پھولتی شراکت کے منتظر ہیں . . .

متعلقہ خبریں