یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے! جڑانوالہ واقعے پر شوبز فنکاروں کی شدید مذمت


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز کے فنکاروں کی جانب سے جڑانوالہ واقعے پر شدید مذمت کی جارہی ہے فنکاروں کا مطالبہ ہے کہ واقعے می ملوث افراد کو گرفتار کر کے متاثرین کو انصاف فراہم کریں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے جڑانوالہ کے افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں شرم آنی چاہیے۔

گلوکار سماجی کارکن شہزاد رائے نے اپنی ٹوئٹ میں جڑانوالہ واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے بولنے سے ڈرتے تھے اب نہ بولیں تو ڈر لگتا ہے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر ریاست ویڈیو فوٹیج کے ذریعے اس واقعے میں ملوث ہر فرد کو گرفتار کر کے مثال نہ بنائے تو ہم برباد ہو جائیں گے۔

اداکارہ سجل علی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کسی بھی مذہب میں شدد پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے یہ ایک شرمناک حرکت ہے اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے اس تشدد کی شدید مذمت کرتی ہوں دعاگو ہوں کہ امن اور اتحاد کی قائم ہو۔

مسیحی مذہت سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ازیکا ڈینیل نے جڑانوالہ واقعے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے۔
اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’مسیحی برادری کے ساتھ ہونے والے اس ظلم کی شدید مذمت کرتی ہوں، ہم مقدس مقامات کا احترام کیوں نہیں کر سکتے پھر چاہے وہ چرچ ہو یا مسجد؟ میں ان مظالم اور تشدد کے خلاف ہوں اور انصاف کا مطالبہ کرتی ہوں۔‘

یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے مسیحی کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے جس کے بعد ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔