غیرمعمولی ذہین پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ کا او لیول امتحان میں عالمی ریکارڈ


لندن(قدرت روزنامہ) پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ نے جنرل سرٹیفکیٹ آف سکینڈری ایجوکیشن( جی سی ایس ای) کے امتحان میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 16 برس کی ماہ نور چیمہ نے اور لیول کے امتحان میں 34 مضامین میں اے اسٹار گریڈ حاصل کرکے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں نئی تاریخ رقم کردی۔ ماہ نور نے او لیول امتحان میں 10 مضامین کا امتحان اسکول سے جبکہ 24 مضامین کا امتحان بطور پرائیوٹ امیدوار دیا۔
ذہانت کا لیول جانچنے کے لیے کیے جانے والے ’ مینسا آئی کیو ٹیسٹ ‘ میں ماہ نور کا اسکور 161 رہا ہے۔وہ ذہانت کے لحاظ سے دنیا کے سرفہرست ایک فیصد افراد میں شامل ہیں۔ماہ نور کے والدین عثما ن چیمہ اور طیبہ چیمہ کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ 2006 میں برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ ماہ نورکی دلچسپی طب کے شعبے میں ہے وہ انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ماہ نور نے آکسفرڈ یونیورسٹی کے کلینکل آپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ ( یو سی اے ٹی ) میں 3290 اسکور حاصل کرکے 99 پرسنٹیج حاصل کی۔
ماہ نور چیمہ کا کہنا ہے کہ مجھے ہمیشہ سے یہ بات پتا تھی کہ اپنے خوابوں کو زندگی میں مقرر کیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنا لازمی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں ٹارگٹ سیٹ کیے اور ان کے لیے کام کیا اور میں نے چیلنجز سے کبھی ہار نہیں مانی۔