قیمتیں بڑھنے کے باوجود پٹرول پمپس پر مقررہ نرخ سے زائد وصولی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بڑے اضافے کے باوجود پٹرول پمپس پر مقررہ نرخ سے زائد وصولی شروع کردی گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمت میں اضافہ کیے جانے کے بعد پٹرول کے مقررکردہ نرخ 305.36 روپے ہیں جب کہ پٹرول پمپس پر 306.15 روپے فی لٹر فروخت کیا جا رہا ہے، پٹرول پمپ کا عملہ اصل قیمت سے 79 پیسے زائد وصول کررہا ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 311.84 روپے فی لٹر ہوئی ہے جب کہ پٹرول پمپس پر 312.63 روپے فی لٹر فروخت کیا جا رہا ہے، اس طرح ڈیزل پر بھی 79 پیسے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ پٹرول پمپس منیجرز کا مؤقف ہے کہ اضافی پیسے ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔