پشین میں زمینداروں کو بھتے کی پرچیاں بھیج دی گئیں


پشین (قدرت روزنامہ)پشین کی تحصیل حرمزئی میں جرائم پیشہ افراد نے زمینداروں کو بھتے کی پرچیاں بھیج دیں۔ جرائم پیشہ افراد نے تحصیل ہیڈ کوارٹر کے قریب 4 زرعی فارمز کو آگ بھی لگا دی جس سے مختلف دیہات میں کھڑی فصلوں اور پھل دار باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے، آگ لگانے کے واقعات سے زرعی فارمنگ سسٹم ناکارہ بن گئے ہیں۔
زمینداروں کا کہنا ہے کہ شر پسندوں کی جانب سے بھتہ بھی طلب کیا جا رہا ہے۔لیویز حکام نے زراعت اور فارمنگ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نامعلوم شر پسندوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ علاقے میں مزید نفری تعینات کی جا رہی ہے۔
زمیندار سید علاؤ الدین آغا نے بتایا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے زمینداروں کو بھتے کی پرچیاں بھی بھیجی ہیں، سندھ اور پنجاب پھل سپلائی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو دفاتر بند کرنے کی دھمکیاں ملی ہیں جس کے باعث زرعی سیزن میں پھل اور سبزیوں کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔