اتحادی جماعتیں خوفزدہ ہیں الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہیں، بلاول بھٹو زرداری


حیدرآباد(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے حکمران بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں۔حیدرآباد میں بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، نالائق کو نکالنے میں ہم حیدرآباد کی عوام کی مدد سے کامیاب ہوئے، وہ جیالوں کی محنت کی وجہ سے وزیر اعظم نہیں رہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لوگ پانی کے لیے ترس رہے ہیں لیکن اسلام آباد کے حکمران بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں، دریائے سندھ ہونے کے باوجود یہاں کی عوام پانی کو ترس رہے ہیں، جو اس شہر کو لندن سے چلاتے تھے ان سے پوچھیں کہ انہوں نے اس شہر کو ایک قطرہ بھی پانی نہیں دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کندھے پر لاشیں اٹھاکر الیکشن لڑنے کے عادی ہیں، ہم الیکشن سے نہیں بھاگیں گے، مگر اگر ہمارے چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں ، کیونکہ جب آپ الیکشن نہیں لڑتے تو آپ کی سیٹ کوئی اور لیجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن لڑنے کا کہا لیکن وہ نہیں مانے، میں ان سے بھیک مانگتا رہا کہ اپنی جگہ پی ٹی آئی کو نہ دو، صرف پاؤں پکڑنے کی کسر رہ گئی تھی، مگر وہ ڈر کر پیچھے ہٹ گئے، آج بھی 18 ماہ سے اپنے تمام اتحادی ساتھیوں سے بار بار کہہ رہا ہوں کہ ڈرو گے تو مرو گے، مگر افسوس کی بات ہے کہ ہمارے سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں اور خوف زدہ ہیں، وہ شاید عام انتخابات سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی کو پیغام ہے کہ ہم آپ سے نہیں ڈرتے ہم مقابلہ کرنے آرہے ہیں، میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نگراں وزیراعظم کی طاقت سے نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے کروں گا، پیپلزپارٹی کی کردار کشی گزشتہ تین نسلوں سے ہوتی آرہی ہے، آج بھی جھوٹا پروپیگینڈا پنجاب اور پشاور میں بکتا ہے۔