پی ٹی آئی کا عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے وکلا نے چیئرمین عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کا عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں درخواست مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی وکلاء نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کیس میں چئیرمن پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر افسوس ہوا، سائفر ایک حقیقت ہے جسے کابینہ میں رکھا گیا، اس فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
وکیل انتظار پنجوتھہ نے کہا کہ اس کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنا شرم ناک ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ڈونلڈ لو کو طلب کیا جاتا لیکن اب امید ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے انصاف مل جائے گا۔
نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ ہماری طرف سے تمام حقائق عدالت کے سامنے رکھے گئے، پراسیکیوشن کی جانب سے ان کیمرا سماعت ہوئی، کیس میں پراسیکیوشن دلائل میں ناکام رہی لیکن پتا نہیں کیوں درخواست مسترد کردی گئی۔
نعیم پنجوتھہ نے مزید کہا کہ ایک ملک کا اشتہاری نواز شریف وطن واپس آرہا ہے اور اس کے استقبال کے لیے تیاری کی جا رہی ہے۔ وکیل علی اعجاز نے کہا کہ جو فیصلہ آیا انتہائی افسوس ناک فیصلہ ہے اسے چیلنج کیا جائے گا آج نظریہ دلاور کو دہرایا گیا ہے۔