پاکستان میں گمراہ سیاسی عناصر را کے ہاتھوں میں کھیل کر ملک دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں‘جان اچکزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں شرکت کے موقع پر ان کے خلاف پروپیگنڈہ کو بھارت اور اس کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کی ریاست پاکستان کے خلاف سازش قرار دیا ہے کوئٹہ سے جاری اپنے بیان میں جان اچکزئی نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے دورہ اقوام متحدہ کو کامیاب اور پاکستان کا امیج بہتر بنانے کی کامیاب حکمت عملی قرار دیا۔
انہوں نے ہر بین الاقوامی ایونٹ پر ریاست پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کو را کے ایجنٹ اور پاکستان میں گمراہ سیاسی ٹولے کی مشترکہ کارروائی قرار دیا انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب ہوچکا ہے کینڈا میں خالصتان تحریک کے کینیڈین نژاد شہریوں کے ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہونے پر پوری دنیا میں مودی کے خلاف غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔
پاکستان میں گمراہ سیاسی عناصر را کے ہاتھوں میں کھیل کر ملک دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اس دورے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔