لیسکو کی کارروائی، سابق ن لیگی ایم پی اے کیخلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج


لاہور (قدرت روزنامہ)ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سابق ایم پی اے رخسانہ کوثر کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ رخسانہ کوثر لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہی تھیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق رخسانہ کوثر کو 5 لاکھ 75 ہزار روپےجرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کی رقم میں سے ڈیڑھ لاکھ روپےکی وصولی کرلی گئی ہے۔
رخسانہ کوثر نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنا گھر کرائے پر دے رکھا ہے، کرائے داروں نے غلط کام کیا۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کرائے دار گزشتہ روز سے روپوش ہیں، میٹر میرے نام ہے اس لیے میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔