80 گز پر ٹاور کھڑے کردیئے، پورا سیوریج نظام تباہ ہوچکا، سندھ ہائیکورٹ
کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ نے حاجی لیموں گوٹھ گلشن اقبال میں نالے پر تجاوزات کیخلاف درخواست پر این ڈی ایم اے، کمشنر کراچی و دیگر حکام کو نوٹس جاری کردئیے۔جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو حاجی لیموں گوٹھ گلشن اقبال میں نالے پر تجاوزات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواستگزار نے کہا کہ گلشن اقبال بلاک 3 اور 4 میں قبضوں کی بھرمار ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود حاجی لیموں گوٹھ کے برساتی نالہ سے تجاوزات ختم نہیں کرائی گئی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ نالوں پر تجاوزات کیخلاف تو سپریم کورٹ کا حکمنامہ موجود ہے، کیا اس پر عملدرآمد نہیں ہوا؟ ہمارے علاقوں کا پورا سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے،80 گز کے پلاٹ پر بڑے بڑے ٹاور کھڑے کردیئے گئے ہیں۔ رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیاں ہورہی ہیں اور کوئی کچھ کہنے والا نہیں۔
جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ پوری آبادی مسمار کرانا چاہتی ہیں؟ نوٹس جاری کر کے فریقین سے جواب طلب کرلیتے ہیں۔
عدالت نے این ڈی ایم اے، کمشنر کراچی و دیگر حکام کو نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔