پاک بھارت ورلڈکپ میچ سے قبل افتتاحی تقریب، ارجیت سنگھ آواز کا جادو جگائیں گے


احمد آباد(قدرت روزنامہ)بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اب پاک بھارت میچ والے دن احمد آباد میں ہوگی۔ تقریب میں بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ لائٹ شو اور ڈانس پرفارمنسز بھی ہونگی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور رجنیکانت سمیت سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹندولکر بھی تقریب میں موجود ہونگے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی آئی سی سی میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب ٹورنامنٹ کے دوران منعقد ہوگی۔
خیال رہے کہ 4 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب تکنیکی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردی گئی تھی۔ اس کے بعد شائقین کرکٹ میگا ایونٹ کے پھیکے انداز میں شروعات کی وجہ سے مایوس نظر آئے تھے۔
تاہم بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے افتتاحی تقریب منسوخ نہیں کی گئی تھی بلکہ پاک بھارت میچ والے دن کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے اب تک آٹھ میچز مکمل ہوچکے ہیں، آج میزبان بھارت اور افغانستان کے درمیان میگا ایونٹ کا نواں میچ دہلی میں کھیلا جائے گا۔