434 ملز، 623 مڈل مین، 345 زمیندار گندم آٹا اسمگلنگ میں ملوث ہیں، وزارت داخلہ
لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں گندم آٹا اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کی نشاندہی کردی۔ملک بھر میں 434 فلور ملز، 623 مڈل مین اور 345 زمیندار اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے ہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ کی انٹیلی جنس رپورٹ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو فراہم کردی گئی جس کے بعد پنجاب میں ضلعی انتظامیہ نے لسٹ میں شامل ملز اور افراد کی دوسری مرتبہ انسپکشن شروع کردی۔
سرکاری رپورٹ میں مل مالک کانام ، ایڈریس ، فون ، شناختی کارڈ نمبر اور گندم ذخیرہ کرنے کی استعداد تحریر کی گئی ہے ۔ انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 434 فلور ملز، 623 مڈل مین ، 345 زمیندار اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں، پنجاب کی216 فلور ملز گندم آٹا اسمگلنگ اور سرکاری کوٹہ چوری میں ملوث قرار ہیں۔
سندھ کی 92 فلور ملز گندم آٹا اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں۔ پختونخوا کی 88، بلوچستان کی 37 فلور ملز سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں۔
پنجاب کے 387، سندھ کے 172 مڈل مین گندم آٹا سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ خیبر پختونخوا میں59 ، بلوچستان کے 5 مڈل مین سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث قرار پائے گئے۔ پنجاب کے 214 ، سندھ کے 81 زمیندار ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں ۔ پختونخوا کے 45، بلوچستان کے 5 زمیندار اسمگلنگ ذخیرہ اندوزی میں ملوث قرار پائے گئے ہیں۔