کرینہ کپور نے شاہ رخ اور عامر خان کے کام کے انداز کا فرق بتا دیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)کرینہ کپور نے بالی ووڈ کے تینوں خانز کے ساتھ کام کیا ہے، انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ را-ون، کبھی خوشی کبھی غم میں اداکاری کی۔سلمان خان اور کرینہ کپور بجرنگی بھائی جان اور باڈی گارڈ میں ایک ساتھ نظر آئے جبکہ حال ہی میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور کی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ پچھلے برس ریلیز ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کرینہ کپور نے بتایا کہ عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا بالکل مختلف تجربہ کیسا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر خان بہت زیادہ انہماک کے ساتھ کام کرتے ہیں، وہ بالکل اس کردار میں ڈھل جاتے ہیں جسے ادا کر رہے ہوں اور اسے لے کر بہت حساس ہوجاتے ہیں۔
کرینہ کپور نے کہا کہ عامر خان صرف ان ہی لوگوں کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں جن کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں، بات کر رہے ہوتے ہیں اور یہ ان کی شخصیت ہے، مجھے اس بات پر عامر خان بہت پسند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خود عامر خان کی بڑی مداح ہوں، میں انہیں کہتی ہوں کام کو خود پر زیادہ سوار نہ کریں لیکن وہ اس قدر حساس ہوجاتے ہیں کہ آپ کچھ نہیں کرسکتے۔
کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ خان سنیما کے شاہ ہیں، بادشاہ ہیں، لوگ ان کے متعلق جتنی بھی تعریف کر رہے ہیں وہ کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کسی اور چیز سے بنے ہیں، وہ کسی ایسے اجزا سے بنے ہیں جس سے کسی دوسرے انسان کو نہیں بنایا گیا، وہ سیٹ پر ہر شخص کے ساتھ کام کرتے ہیں، صرف اپنے کردار میں نہیں ڈوبتے۔
کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ خان ایک ہی وقت میں سب کام کر رہے ہوتے ہیں اور مجھے خود نہیں معلوم وہ ایسا کیسے کرتے ہیں، وہ بھارت کے سب سے بڑے اسٹار ہیں لیکن جب آپ ان کے ساتھ ہوں گے تو وہ آپ کو یہ احساس نہیں ہونے دیں گے کہ وہ بڑے ہیں۔