ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے قانونی اور سیاسی راستے موجود ہیں، سینیٹر مشتاق احمد
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان واپسی کے قانونی اور سیاسی راستے موجود ہیں۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس ترجیحی بنیاد پر سنا۔ عدالت نے ہر سماعت پر حکومت سے سنجیدگی کے ساتھ پیشرفت کے بارے میں بھی پوچھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی بدترین جیل میں عافیہ صدیقی قید ہیں ۔ جیل میں 10 ہزار سے زائد قیدیوں میں بد ترین حالت میں عافیہ صدیقی کو رکھا گیا ہے۔ اتنے عرصے عافیہ صدیقی کا قید ہونا حکومتی عدم دلچسپی کا نتیجہ ہے ۔ اس دوران سب حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے عافیہ قید میں ہے۔۔
سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی پر سختیاں ہیں، ان پر ملاقات کی سختی ہے، جیل میں سہولیات کی سختیاں ہیں ۔ میں نے نگراں وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابط کیا جب وہ امریکا کے دورے پر تھے ۔ وزیراعظم سے کہا کہ امریکا میں عافیہ کا کیس اٹھائیں، مگر دکھ ہوا کہ انہوں نے اس بھی سابقہ حکومتوں کی طرح اسے پس پشت ڈال دیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں روڈ میپ دے کیوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے قانونی اور سیاسی راستے موجود ہیں۔