پی آئی اے کا محدود فضائی آپریشن جاری، کئی پروازیں آج بھی منسوخ


کراچی(قدرت روزنامہ) قومی ائرلائن کا محدود فضائی آپریشن جاری ہے، تاہم آج بھی کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔پی آئی اے کا پلان بی کے تحت محدود فضائی آپریشن پر عمل درآمد جاری ہے جب کہ اس دوران قومی فضائی کمپنی کی کراچی سے دوسرے شہروں کے لیے دوطرفہ پروازیں آج بھی منسوخ اور بیشتر تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی سے لاہور، بہاولپور رحیم یار خان اور کوئٹہ کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد کے لیے پی کے 308 اور پی کے 368 منسوخ ہوئیں۔ اسی طرح دمام، مسقط، لاہور، بہاولپور، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے کراچی کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں اسلام آباد سے کراچی کے لیے پی کے 319 اور پی کے 369 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے سکھر اور کوئٹہ آنے جانے کی 4 پروازیں بھی منسوخی کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی مدینہ کی پرواز پی کے 743 کی روانگی میں 6 گھنٹہ 20 منٹ کی تاخیر ہے۔
اُدھر اسلام آباد جدہ کے لیے دن 11 بجے کی پرواز پی کے 735 میں 14 گھنٹے کی تاخیر جب کہ ملتان سے مدینہ کی پرواز 4 گھنٹے 25 منٹ کی تاخیر سے دوپہر 12 بجے روانہ ہوگی۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پلان بی کے تحت حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ پی آئی اے آج 48 پروازیں آپریٹ کرے گا ، جس میں سے 32 پروازیں انٹرنیشنل سیکٹر پر اُڑان بھریں گی جب کہ 16 پروازیں اندرون ملک کے لیے آپریٹ ہوں گی۔
پی آئی اے کی ترجیحاً منافع بخش پروازوں میں سعودی عرب،خلیجی ممالک ،کینیڈا اور چائنا،کوالالمپور کے روٹس پر پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے منافع بخش روٹس پر پروازوں کے لیے ایندھن حاصل کر رہی ہے۔ پی ایس او کو53 کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مزید ادائیگیاں بھی کی جارہی ہیں ۔ بزنس کے لحاظ سے کم درجے والی پروازوں کو آپریٹ کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔