مینار پاکستان جلسے میں جیب تراشی کیلئے سندھ سے آنے والا 15 رکنی گروہ گرفتار


لاہور(قدرت روزنامہ) آرگنائزڈ کرائم یونٹ چوہنگ نے مینار پاکستان جلسے میں سندھ سے آنے والے 15 جیب تراش و چور گینگ ممبران کو گرفتار کرلیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ہمارا 40 سے 45 رکنی گروہ ہے جو کہ سندھ سے آیا ہے اور ہمارا مقصد لوگوں کو لوٹنا ہے۔
ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ چوہنگ فاروق اصغر اعوان نے بتایا ہے کہ ملزمان جلسہ گاہوں اور ہجوم والی جگہوں سے شہریوں کی جیبیں تراش کر واپس صوبہ جات میں فرار ہوجاتے تھے، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان سے چوری و جیب تراشی جیسی متعدد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ڈی ایس پی کے مطابق ملزمان کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اور پبلک ریلیشن شپ کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کی طرف سے ڈی ایس پی چوہنگ اور ان کی ٹیم کو شاباشی اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے، ڈی آئی جی نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔