فرحت شہزادی کا لیگی رہنما عطا تارڑ کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی نے رہنما ن لیگ عطاء اللہ تارڑ کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بجھوا دیا۔
فرحت شہزادی نے وکیل اظہر صدیق کی وساطت سے عطاء تارڑ کو لیگل نوٹس بھجوایا جس میں کہا گیا کہ عطاء تارڑ نے میڈیا پر اثاثوں کے حوالے سے من گھڑت الزامات لگائے۔
نوٹس کے متن کے مطابق عطاء تارڑ نے الزامات کے کوئی شواہد نہیں دیے، فرحت شہزادی کے تمام اثاثے ڈکلئیرڈ ہیں، عطاتارڑ نے الزامات عائد کرکے ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی۔
فرحت شہزادی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اگر عطاء تارڑ نے معافی اور ہرجانہ ادا نا کیا تو عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں ایک بیان میں عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں تین خواتین کا گٹھ جوڑ تھا جنہوں نے پنجاب میں ایک ڈمی وزیراعلیٰ بٹھایا۔ فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر تمام منصوبہ بندی کرتے تھے اور ٹھیکوں کا کمیشن بھی انہیں کو جاتا تھا جب کہ ٹرانسفر پوسٹنگ پر بشریٰ بی بی کو بھی حصہ جاتا تھا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فرح گوگی کے پہلے 95 کروڑ کے ظاہری اثاثے تھے جو 4 ارب 52 کروڑ ہوگئے، فرح گوگی کے غیر ظاہری اثاثوں میں 15300 فیصد اصل میں اضافہ ہوا۔