پیار اور اقرارالحسن سے تیسری شادی کے سوال پر عروسہ کا جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقرار الحسن کی تیسری شادی کی قیاس آرائیوں کے بعد تصدیق بھی سامنے آچکی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین میں یہ شادی ابھی بھی زیرِ بحث ہے۔ اینکر کو حال ہی میں اپنی پہلی اہلیہ کے ساتھ مالدیپ میں چھٹیاں مناتے دیکھا گیا، دوسری جانب عروسہ نے بھی مالدیپ سے تصاویر شیئرکیں تاہم ان تصاویر میں اقرار موجود نہیں ہیں۔
اقرار کی دوسری اہلیہ فرح کے ردِعمل کے بعد ان کی تیسری اہلیہ عروسہ کے چند پُرانے انٹرویو بھی ایک بات پھر وائرل ہیں جن میں وہ اپنے اور اقرار کے تعلقات اور پھر شادی کے حوالے سوال پر اپنا موقف بتارہی ہیں۔
اقرار الحسن ماضی میں عروسہ خان کے بھائی کی شادی میں بھی شرکت کر چکے ہیں جس میں بنایا گیا وی لاگ بھی پھر سے سوشل میڈیا پر دیکھا جارہا ہے۔
وائرل ویڈیو کلپ میں عروسہ سے سوال کیا جارہا ہے کہ اقرار الحسن کے ساتھ آپ کی تصاویر وائرل ہوئیں، کیا انہیں استاد مانتی ہیں، آئیڈیلائز کرتی ہیں یا صرف فیملی فرینڈ ہیں؟۔
جواب میں عروسہ کا کہنا ہے کہ ہم دوست ہیں، فیملی کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں اور میں انہیں اپنا استاد مانتی ہوں۔ کوئی بھی ویڈیو کرنی ہوتی ہے تو پہلے ان سے ڈسکس کرتی ہوں۔
پیار سے متعلق سوال پرعروسہ کا کہنا ہے کہ ’پیار ایک بہت خوبصورت جذبہ ہے جسے مرد اورعورت سے مشروط کردیا گیا ہے۔ یہ میری زندگی میں بہت خوبصورت احساس ہے۔ میری چند دوستیں اور دوست ہیں جن کا میں بہت خیال کرتی ہوں لیکن اگر آپ پوچھ رہے کہ میں نے پیار کیا تو یہ ذاتی سوال ہے میں نہیں بتانا چاہوں گی کس سے لیکن ہاں میں نے پیار کیا ہے اور یہ ایک بہت ہی خوبصورت احساس ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جس سے پیار ہوتا ہے وہ آپ کو ہرحال میں اچھا لگتا ہے‘۔
دورانِ انٹرویو عروسہ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے کہ عروسہ خان اب عروسہ اقرار ہوچکی ہیں کیونکہ انہوں نے اقرار الحسن سے شادی کرلی ہے تو آپ اس کا کیا جواب دیں گی۔
جواب میں عروسہ نے تردید یا تصدیق کے بجائے اتنا کہا کہ یہ ایک بہت ذاتی نوعیت کی بات ہے اور فی الحال تو میں اس کا کوئی جواب دینا نہیں چاہوں گی۔
واضح رہے کہ اقرار الحسن نے اپنی پہلی شادی 2006 میں نیوز اینکر قرۃ العین سے کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا ہے۔
اقرار الحسن نے 2012 میں فرح اقرار سے دوسری شادی کی جس کی تصدیق 5 سال بعد 2017 میں کی گئی تھی۔